پاکستان مخالف فلم ’دھریندر‘ کے اداکار ندیم خان زیادتی کے الزام میں گرفتار

پاکستان مخالف فلم ’دھریندر‘ کے اداکار ندیم خان زیادتی کے الزام میں گرفتار
پاکستان مخالف مواد پر مبنی بھارتی فلم ’دھریندر‘ میں کام کرنے والے اداکار ندیم خان کو پولیس نے گھریلو ملازمہ سے زیادتی کے الزام میں گرفتار کر لیا ہے۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق 41 سالہ خاتون نے پولیس میں شکایت درج کروائی کہ وہ مختلف اداکاروں کے گھروں میں کام کرتی رہی ہیں اور گزشتہ کئی برسوں سے ندیم خان کے گھر میں بھی ملازمہ کے طور پر خدمات انجام دے رہی تھیں۔
متاثرہ خاتون کے مطابق وقت کے ساتھ ان کے اور اداکار کے درمیان قربت بڑھی، جس کے بعد ندیم خان نے ان سے شادی کا وعدہ کیا۔ خاتون کا الزام ہے کہ اسی وعدے کی بنیاد پر اداکار نے گزشتہ 10 برس کے دوران متعدد بار ان کے ساتھ زیادتی کی۔
پولیس کو دیے گئے بیان میں خاتون نے بتایا کہ اب اداکار نے شادی سے انکار کر دیا ہے، جس پر انہوں نے انصاف کے لیے پولیس سے رجوع کیا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق پولیس حکام کا کہنا ہے کہ شکایت موصول ہونے کے بعد 22 جنوری کو ندیم خان کو گرفتار کر لیا گیا تھا اور وہ اس وقت پولیس کی حراست میں ہیں، جبکہ واقعے کی مزید تفتیش جاری ہے۔
واضح رہے کہ فلم ’دھریندر‘ اس سے قبل پاکستان مخالف مواد دکھانے پر تنقید کی زد میں رہی تھی اور بعض خلیجی ممالک میں اس پر پابندی بھی عائد کی جا چکی ہے۔