پاکستان میں سیلاب اور بارشوں سے اموات کی تعداد 874 تک پہنچ گئی

نمائندہ انسائیڈ پاکستان کے مطابق ملک بھر میں حالیہ بارشوں اور سیلابی واقعات کے باعث ہلاکتوں کی تعداد 874 تک جا پہنچی ہے، جبکہ مختلف حادثات میں 1153 افراد زخمی بھی ہوئے ہیں۔ یہ اموات اور زخمی ہونے کے واقعات 26 جون سے اب تک مختلف حصوں میں رپورٹ ہوئے۔

تفصیلات کے مطابق سب سے زیادہ جانی نقصان خیبرپختونخوا میں ہوا جہاں 488 افراد جاں بحق ہوئے۔ پنجاب میں 216، سندھ میں 58، گلگت بلتستان میں 41، آزاد کشمیر میں 37، بلوچستان میں 26 اور وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں 8 ہلاکتیں ریکارڈ کی گئیں۔

نمائندہ نے متعلقہ حکام سے رابطہ کیا تو ان کا کہنا تھا کہ زیادہ تر ہلاکتیں مکانوں کی چھتیں گرنے، بجلی کے کرنٹ لگنے اور اچانک آنے والے سیلابی ریلوں کے باعث ہوئیں۔ حکام کے مطابق ریسکیو ٹیمیں متاثرہ علاقوں میں سرگرم ہیں اور امدادی کاموں کو تیز کرنے کی کوششیں جاری ہیں۔

ماہرین نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ اگر بارشوں کا سلسلہ برقرار رہا تو جانی و مالی نقصانات میں مزید اضافہ ہوسکتا ہے۔ حکومت اور ریسکیو اداروں نے عوام سے احتیاط برتنے اور ممکنہ خطرناک علاقوں سے دور رہنے کی اپیل کی ہے۔

نمائندہ: انسائیڈ پاکستان