
نمائندہ انسائیڈ پاکستان کے مطابق محکمہ موسمیات کے فلڈ فورکاسٹنگ ڈویژن نے 3 سے 9 ستمبر 2025 تک دریاؤں کے بالائی کیچمنٹ ایریاز کے لیے ویدر آؤٹ لک جاری کیا ہے، جس میں بارشوں اور ممکنہ سیلابی صورتحال کی وارننگ دی گئی ہے۔ نوٹیفکیشن کے مطابق دریائے ستلج، چناب اور سندھ میں خطرناک حد تک پانی کے بہاؤ کی پیش گوئی کی گئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق گزشتہ دنوں بننے والا ڈپریشن کمزور ہو کر لو پریشر میں بدل گیا ہے جو بدستور موجود ہے۔ اس دوران بالائی دریائی علاقوں سمیت اسلام آباد، پشاور، کوہاٹ، بنوں، راولپنڈی، سرگودھا، گوجرانوالہ، لاہور، ساہیوال، ملتان، ڈی جی خان اور بہاولپور ڈویژن میں گرج چمک کے ساتھ بارش اور کہیں کہیں شدید بارش کا امکان ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق شمال مشرقی بلوچستان اور فیصل آباد ڈویژن میں بھی آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران بارش متوقع ہے۔
فلڈ فورکاسٹنگ ڈویژن کے حکام کا کہنا ہے کہ دریائے ستلج میں قصور کے قریب گنڈا سنگھ والا کے مقام پر غیر معمولی اونچے درجے کے سیلاب کا سلسلہ جاری ہے۔ اسی طرح دریائے چناب پنڈن میں 4 سے 5 ستمبر کے دوران انتہائی اونچے درجے کا سیلاب آنے کا خدشہ ہے، جبکہ دریائے سندھ میں گڈو کے مقام پر 6 سے 7 ستمبر کے دوران پانی کے خطرناک بہاؤ کی پیش گوئی کی گئی ہے۔
محکمہ موسمیات نے متعلقہ اداروں اور ضلعی انتظامیہ کو فوری حفاظتی اقدامات اٹھانے اور نشیبی علاقوں کے مکینوں کو بروقت محفوظ مقامات پر منتقل کرنے کی ہدایت دی ہے۔ حکام کے مطابق بارشوں کے سلسلے اور دریاؤں کی صورتحال پر کڑی نظر رکھی جا رہی ہے اور عوام کو وقتاً فوقتاً آگاہ کیا جائے گا۔
📌 مزید تفصیلات کے لیے فلڈ فورکاسٹنگ ڈویژن کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن ملاحظہ کریں:
🔗 فلڈ فورکاسٹنگ ڈویژن کا نوٹیفکیشن
نمائندہ: انسائیڈ پاکستان