
نمائندہ انسائیڈ پاکستان کے مطابق پنجاب کے مختلف اضلاع میں بارشوں کے بعد آنے والے سیلاب نے درجنوں خاندانوں کو اجاڑ دیا۔ تازہ ترین اعداد و شمار کے مطابق ہلاکتوں کی تعداد 40 سے زیادہ ہو چکی ہے۔ صرف پیر کے دن سات افراد ڈوب کر جان کی بازی ہار گئے۔
نمائندہ جب قصور کے قریبی دیہات پہنچا تو کئی گھر زیرِ آب تھے اور لوگ چھتوں پر پناہ لیے ہوئے تھے۔ مقامی ریسکیو اہلکار کشتیاں استعمال کرتے دکھائی دیے جو عورتوں اور بچوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کر رہے تھے۔
نمائندہ نے ضلعی انتظامیہ کے ایک افسر سے بات کی تو ان کا کہنا تھا: “ہماری ٹیمیں دن رات کام کر رہی ہیں، لیکن بارش اور راستوں کی بندش کے باعث مشکلات بڑھ گئی ہیں۔” ایک مقامی شخص نے نمائندہ کو بتایا: “کھانے پینے کا سامان ختم ہو رہا ہے، کئی خاندان بھوکے بیٹھے ہیں۔”
ماہرین نے نمائندہ انسائیڈ پاکستان کو آگاہ کیا کہ اگر آئندہ دنوں میں بارشیں جاری رہیں تو مزید علاقے متاثر ہو سکتے ہیں۔ شہریوں کو کہا گیا ہے کہ وہ پیشگی احتیاط کریں اور قریبی محفوظ مقامات پر منتقل ہو جائیں۔
نمائندہ: انسائیڈ پاکستان