سیالکوٹ میں خواجہ آصف کی وارننگ: افغانستان سے کھلی جنگ

سیالکوٹ: وفاقی وزیرِ دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ اگر کابل کے ساتھ گفت و شنید سے مسائل حل نہ ہوئے تو پاکستان کے پاس ’’کھلی جنگ‘‘ کا آپشن موجود ہے۔
سیالکوٹ میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے اُن کا کہنا تھا کہ پاکستان نے ماضی میں بھارت کو شکست دی، جس کے بعد مودی حکومت نے افغانستان کے ساتھ مل کر پاکستان کے خلاف پراکسی جنگ چھیڑی۔ انہوں نے یاد دلایا کہ پاکستان نے افغان مہاجرین کی چار دہائیوں تک میزبانی کی ہے۔
خواجہ آصف کے مطابق پچھلے پانچ دن سے پاک افغان سرحد پر کوئی ناخوشگوار واقعہ رپورٹ نہیں ہوا اور جوانوں کی قربانیوں کے باعث سرحدیں مکمل محفوظ ہیں۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ افغانستان کی جانب سے سامنے آنے والی شرائط کا بغور جائزہ لیا جائے گا؛ اگر وہ قابلِ قبول ہوئیں تو معاملات بات چیت سے آگے بڑھیں گے، بصورتِ دیگر پاکستان ’’بلا جھجھک جنگ‘‘ کا راستہ اختیار کرنے پر مجبور ہوگا۔